23 جنوری 2015 - 22:01
جماعۃ الدعوۃ پر پابندی کی تصدیق امریکا کو موصول نہیں ہوئی

امریکا کا کہنا ہے کہ اسے پاکستان کی جانب سے حافظ سعید کی جماعۃ الدعوۃ اور حقانی نیٹ ورک پر پابندی عائد کئے جانےسے متعلق کوئی تصدیق موصول نہیں ہوئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان نے دہشت گردی کی بیخ کنی سے متعلق اپنے اقدامات کا ازسر نو جائزہ لیا ہے تاہم جماعۃ الدعوۃ اور حقانی نیٹ ورک پر پابندی کی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔

جین ساکی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ امریکا، پاکستان کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کو تسلیم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عزم کی حمایت کرتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سانحہ پشاور جیسے بدترین حملوں سے بچنے کے لیے اس طرح کے اقدامات نہایت ضروری ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے یہ واضح کردیا ہے کہ تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرنا ملک کے مفاد میں ہے اور دہشت گردوں کے درمیان اچھے یا برے کی کوئی تفریق نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت جماعۃ الدعوۃ سمیت تمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کردیئے گئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169